محکمہ سپورٹس پنجاب کے زیراہتمام رستم پاکستان دنگل انعام بٹ نے جیت لیا

لاہور (سپورٹس لیکس) محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کے زیراہتمام تونسہ شریف میں جمعۃ المبارک کو رستم پاکستان دنگل کا انعقاد ہوا۔ تونسہ شریف اور گردونواح سے فن پہلوانی کے35 ہزار سے زائد شائقین نے دنگل کے مقابلے دیکھے اور پہلوانوں کو بھرپور داد دی۔ شاہ سلمان کرکٹ سٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
دنگل میں ورلڈ چیمپئن اور صدارتی ایوارڈ یافتہ پہلوان انعام بٹ نے انٹر نیشنل ریسلر معصب خان نیازی کو چت کرکے رستم پاکستان دنگل جیت لیا۔ دنگل میں عدنان ٹائراں والا نے عمیر پہلوان، مالو پہلوان لاہوریئے نے ماجد داد پوتا اور کلو پہلوان نے مقامی پہلوان کو ہرادیا۔ نومی پہلوان گوجرانوالیا اور عمران مکو، ماما پہلوان لاہوریا اور واجد دستی کے درمیان کشتیاں برابر رہیں۔

مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کے بھائی سردار عمر خان بزدار نے کامیاب پہلوانوں میں انعامات تقسیم کئے، سردار عمر خان بزدار اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان ذیشان جاوید نے انعام بٹ ودیگر پہلوانوں کو گرز دیئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کے بھائی سردار عمر خان بزدار نے یادگار رستم پاکستان کے انعقاد پر وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی، ڈی جی سپورٹس پنجاب جاوید چوہان، ضلعی ومقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے تونسہ شریف میں سپورٹس کا میگا ایونٹس منعقد ہوا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ والی بال، شوٹنگ والی بال ٹورنامنٹس، ہاکی میچ اور دنگل کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان ذیشان جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب نے جنوبی پنجاب میں سپورٹس کے میگا ایونٹس منعقد کرکے تاریخی اقدام کیا ہے۔ ان ایونٹس سے جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو اچھی تفریح ملی ہے اور اس سے سپورٹس کا کلچر فروغ پائے گا۔

صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے عالمی چیمپئن پہلوان انعام بٹ، عدنان ٹائراں والا، مالو پہلوان لاہوریا اور کلو پہلوان کو دنگل جیتنے پر مبارکبا دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ دنگل میں جاندار مقابلے ہوئے جس سے عوام لطف اندوز ہوئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے سپورٹس کا میگا ایونٹ منعقد کرایا ہے تاکہ یہاں کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ سپورٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں
ڈی جی سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے کہا کہ ملک کے نامور پہلوانوں نے تونسہ شریف میں دنگل میں حصہ لے کر جنوبی پنجاب کے عوام کو اچھی تفریح دی ہے، دنگل کے انعقاد سے نوجوان سپورٹس کی جانب آئیں گے جس سے معاشرے میں صحت مند سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تونسہ شریف اسد چانڈیہ، اے ایس پی کائنات، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ڈیرہ غازی خان عطاء الرحمن، سیکرٹری پاکستان ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاہور تنویر شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رئیس الرحمن، ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران اور تحصیل سپورٹس افسران بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں