پاکستان اورسعودیہ میں فٹبال تعلقات کو مزید استحکام دینے کے خواہاں ہیں، چیئرمین نارملائزیشن چیئرمین ہارون ملک

لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ 4ملکی ٹورنامنٹ کی شاندار میزبانی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں. میزبان فیڈریشن نے پیشہ ورانہ انداز میں ایونٹ کے انتظامات کرتے ہوئے پاکستان سمیت شریک ٹیموں کو ہرممکن سہولت اور کھیلے کیلئے ایک بہترین ماحول فراہم کیا. ٹائٹل جیتنے پر سعودی فیڈریشن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں. مینز اور ویمنز فٹبال کے فروغ کیلئے ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں. سعودی عرب میں کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ لیونل میسی اور کرسٹیانوو رونالڈو جیسے بڑے نام بھی وہاں سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں،اس ملک میں کھیل کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے۔
چیئرمین این سی نے کہا کہ دونوں ملکوں میں فٹبال تعلقات کو مزید استحکام دینے کے خواہاں ہیں، باہمی تعاون سے مختلف منصوبوں پر کام کرنے کے حوالے سے بات چیت کیلئے جلد سعودی فٹبال حکام کو پاکستان آنے کی دعوت دی جائے گی، دو طرفہ ایونٹس کے انعقاد سے دونوں ملکوں میں فٹبال کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ہارون ملک نے پاکستان ویمنز ٹیم کی حوصلہ افزائی پر وزیر اعظم شہباز شریف،وزیر بین الصوبائی رابطہ امور احسان الرحمان مزاری اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی شزا فاطمہ سمیت حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے انٹرنیشنل سطح پر عروج کی جانب سفر کے ہمارے ارادوں کو مزید تقویت ملی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں