میڈل ملک اور قوم کا ہوتا ہے،میڈل جیتنے والے قوم کے ہیرو ہوتے ہیں، کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہے ہیں، وزیر کھیل ملک تیمور مسعود

لاہور (سپورٹس رپورٹر)سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے تھائی لینڈ میں ہونیوالی انٹرنیشنل ٹرائیتھل گیمز2022ء میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پروقار تقریب منعقد ہوئی. تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے.
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمدودیگر بھی موجود تھے،وزیر کھیل پنجاب وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے5 میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کونقد انعامات دیئے، چاندی کے تمغے جیتنے والے لبیب احمد، عطاء اللہ اور محمد افنان کو ایک، ایک لاکھ روپے، کانسی کے تمغے جیتنے والے ارسلان اور محسن کو 75،75 ہزار روپے جبکہ ٹیم مینجر اور کوچ طارق احمد راشد کو 50 ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے کہا ہے کہ عالمی مقابلوں میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑی قابل فخر ہیں، میڈل ملک اور قوم کا ہوتا ہے اور میڈل جیتنے والے قوم کے ہیرو ہوتے ہیں، ملک کے لئے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہے ہیں، عالمی مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی بھرپور معاونت کررہے ہیں، پاکستان ماڈرن پینٹاتھلون فیڈریشن کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پینٹاتھلوں گیمز کے فروغ کے لئے ہر طرح سے تعاون کررہے ہیں، ہمارے کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل ٹرائیتھل گیمز میں اچھی کارکردگی دکھائی، ہر کھیل کو فروغ دے رہے ہیں، یہی ہمارا مشن ہے،کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کررہے ہیں اور کھلاڑی بھی اپنا ٹیلنٹ دکھا رہے ہیں،سیکرٹری پاکستان ماڈرن پینٹاتھلون فیڈریشن ظہور احمد نے وزیر کھیل اور ڈی جی سپورٹس پنجاب کو بریفنگ دی۔تھائی لینڈ میں ہونیوالی انٹرنیشنل ٹرائیتھل گیمز میں پاکستان،تھائی لینڈ، نیپال، تائیوان اور فلپائن کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا،پاکستانی کھلاڑیوں نے رننگ، شوٹنگ اور سوئمنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا اور میڈلز جیتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں