کراچی (سپورٹس لیکس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کےخلاف 24 مئی سے شروع ہونے والی وائیٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ اسکواڈز کااعلان کردیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر گل فیروزہ اور لیگ اسپنر طوبہٰ حسن کو قومی خواتین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والی بالترتیب گل فیروزہ اور صدف شمس کو 15 رکنی قومی خواتین ایک روزہ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، تین اور پانچ جون کو کھیلے جائیں گے۔
Two uncapped players included in T20I squad for Sri Lanka series
More details ➡️ https://t.co/hdLUGJGVKV#PAKWvSLW | #BackOurGirls
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) May 18, 2022
ویمنز چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور کپتان بسمہ معروف سے مشاورت کے بعد دونوں اسکواڈز کا انتخاب کیا۔انہوں نے 9 مئی سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری پری سیریز کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔
کپتان بسمہ معروف، فاطمہ ثناء، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ بھی دبئی میں فیئر بریک انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی ایونٹ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئی ہیں۔ یہ چاروں کھلاڑی 21 مئی بروز ہفتہ سے اسکواڈ کو جوائن کریں گی۔ سری لنکا کے خلاف لگایا جانے والا پری سیریز کیمپ آج مکمل ہوجائے گا۔
اسماویہ اقبال، چیف سلیکٹر ویمنز کرکٹ:
چیف سلیکٹر ویمنز کرکٹ اسماویہ اقبال نے قومی خواتین ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ ز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل فیروزہ، صدف شمس اور طوبہٰ حسن مستقبل میں بھی ویمنز کرکٹ میں بہترین اضافہ ثابت ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ان تینوں کھلاڑیوں نے دسمبر میں منعقدہ ایمرجنگ کیمپ کے دوران بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا، لہٰذا ان کے انٹرنیشنل کرکٹ میں داخلے کے لیے یہ موزوں وقت ہے۔
انہوں نےکہا کہ طوبہٰ حسن کو حالیہ ورلڈکپ میں بحیثیت ریزرو کھلاڑی بھیجا گیا تھا، وہ ایک اچھی اسپنر ہیں جو پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید تقویت بخشیں گی۔انہوں نے کہا کہ گل فیروزہ اور صدف شمس کے کھیل میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
A good blend of youth and experience in Pakistan's white-ball squad to face Sri Lanka.https://t.co/YPakq09SEL
— ICC (@ICC) May 18, 2022
اسماویہ اقبال نے مزید کہا کہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے لیے پری سیریز کیمپ کے دوران ٹی ٹونٹی اور پچاس اوورز کے متعدد پریکٹس میچز کھیلے گئے، جس کی بنیاد پر ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈز کا انتخاب کیا گیا۔وہ پرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین سیریز میں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبہ حسن۔
ون ڈےانٹرنیشنل سکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز۔
اسپورٹ اسٹاف:
آسیہ خان (منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، وقار اورکزئی (اسسٹنٹ کوچ)، صبور احمد (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، رفعت اصغر گل (فزیو تھراپسٹ)، ڈاکٹر محمد خرم (ڈاکٹر)، زبیر احمد (اینالسٹ)
شیڈول:
24 مئی : پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ
26 مئی : دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ
28 مئی : تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ
یکم جون : پہلا ون ڈےانٹرنیشنل میچ
3 جون :دوسرا ون ڈےانٹرنیشنل میچ
5 جون :تیسرا ون ڈےانٹرنیشنل میچ





