ایف جی پولو ٹیم اور نیو ایج کیبلز /ماسٹر پینٹس کی ٹیم نے مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام سنچری 99 پنجاب کپ پولو ٹورنامنٹ کے چوتھے روز تین زبردست میچز کھیلے گئے جن کے بعد ایف جی پولو ٹیم اور نیوایج کیبلز /ماسٹر پینٹس کی ٹیم نے مین فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں تین اہم میچز کھیلے گئے۔ پہلے سیمی فائنل میں ایف جی پولو نے زبردست مقابلے کے بعد بی این پولو ٹیم کو 5-4.5 سے ہرا دیا۔ ایف جی پولو کی طرف سے راول لیپ لاسیٹ نے شاندار کھیل پیش کیا اور تین گول سکور کیے۔ ثاقب خان خاکوانی نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دو خوبصورت گول سکور کیے۔ بی این پولو کی طرف سے خوان ماریا رئیوز اور رابرٹوآریز نے دو دو گول سکور کیے جبکہ آدھا گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔
دوسرے سیمی فائنل میں نیوایج کیبلز /ماسٹر پینٹس نے زبردست مقابلے کے بعد ڈائمنڈ پینٹس کی ٹیم کو 5-2 سے ہرا دیا۔ نیوایج کیبلز /ماسٹر پینٹس کی طرف سے صائمن پراڈا اور خوان کروز گروگل نے شاندار کھیل پیش کیا۔ صائمن پراڈا نے تین جبکہ راجہ تیمور ندیم اور گروگل نے ایک ایک گول سکور کیا۔
دونوں سیمی فائنلز سے قبل ایک میچ کھیلا گیا جس میں ری ماؤنٹس کی ٹیم نے ایچ این پولو کو 6-3 سے ہرا دیا۔ ری ماؤنٹس کی طرف سے مینول سندبلد نے تین ہوتے چوان نے دو جبکہ احمد زبیر بٹ نے ایک گول سکور کیا۔
ایچ این پولو کی طرف سے حیدر نسیم نے ایک گول سکور کیا جبکہ دو گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ اس طرح اتوار کو مین فائنل ایف جی پولو اور نیوایج کیبلز /ماسٹر پینٹس کے درمیان جبکہ سب سڈری فائنل ری ماؤنٹس اور ماسٹر پینٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں