ایل پی ایل 2022 میں کینڈی فالکنزنے گال گلیڈی ایٹرز کو 5 وکٹوں سے شکست دی

لاہور(سپورٹس اپڈیٹس) کینڈی فالکنز نے سری لنکا میں جاری لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2022 میں گال گلیڈی ایٹرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی دوسری فتح حاصل کر لی ۔ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر 20 اوورز میں 8/121 رنز بنائے اور فالکنز نے ہدف کا تعاقب صرف 15 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر کر لیا۔فالکنز کی جانب سے کامندو مینڈس نے سب سے زیادہ چوالیس رنز بنائے۔ اوپنرز پاتھم نسانکا اور آندرے فلیچر نے فالکنز کو شاندار آغازفراہم کیا۔
پاتھم نسانکا نے 21 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز بنائے۔ دوسری جانب فلیچر نے صرف 14 گیندوں پر 20 رنز بنائے جن میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نووان پردیپ نے دو جبکہ نووان تھشارا اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل موون سباسنگھا اور عماد وسیم نے گال گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیل کا آغاز کیا۔ موون سباسنگا نے 38 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم نے 39 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔ کارلوس براتھویٹ نے بہترین گیند بازی کی کیونکہ انہوں نے صرف 14 رنز دینے کے بعد چار اوورز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ایک میڈن اوور بھی پھینکا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں