پاک، انگلینڈ ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار،اضافی سکیورٹی کیمرے نصب کئے جائیں گے

لاہور (سپورٹس لیکس)پاکستان، انگلینڈ ٹی 20کرکٹ سیریز کے انتظامات کے حوالے سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جمعرات کے روز کمشنر لاہور محمد عامر جان کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پولیس، سیف سٹی، سکیورٹی انتظامات،ریسکیو، پارکنگ، روٹ، واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، ٹکٹ چیکنگ اور ٹرانسپورٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی، اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈی سی لاہور،ایڈیشنل کمشنر لاہور، ڈی جی پروٹوکول، اے سی ماڈل ٹاؤن سونیا صدف، ایس پی حسن، ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن،ایس پی سیف سٹی عاصم، ایڈمن پی سی بی عثمان واہلہ، بریگیڈیئر جہانگیر،ریسکیو حکام و دیگر محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔
اجلاس سے قبل کمشنر لاہور محمد عامر جان نے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سے ملاقات کی جس میں پاک انگلینڈ ٹی 20کرکٹ سیریز کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لاہور محمد عامر جان نے کہا ہے کہ پاک،نگلینڈ ڈے اینڈ نائٹ ٹی ٹونٹی میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونگے، اس موقع پر ٹکٹ چیکنگ کیلئے شائقین کو سہولت دی جائے، زیادہ سے زیادہ بوتھ بنائے جائیں تاکہ ان کو قطاروں میں نہ لگنا پڑے، دونوں ٹیموں کے روٹس اور قذافی سٹیڈیم کی سکیورٹی کو 8ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار یقینی بنائیں گے۔
کمشنر لاہور نے مزید کہا ہے کہ سکیورٹی کیمرے اضافی نصب کئے جائیں گے جن سے براہ راست نگرانی ہوگی، سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، شائقین کی سہولت کے لئے شہر کے زیادہ سے زیادہ حصوں سے سپشل روٹس چلائے جائیں گے، خوشی ہے کہ پاکستان کے کھیل کے میدان میں رونق ہوگی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کی پیشگوئی کو مدنظر رکھا جائے، واسا قذافی سٹیڈیم میں تمام مشینری دستیاب رکھے، قذافی سٹیڈیم کے گرد اور روٹس پر کوئی ڈارک ایریا نہیں ہوگا، کمشنر لاہور محمد عامر جان نے کہا ہے کہ شائقین کو خوش دلی سے خوش آمدید کہیں گے، شہریوں کی آسانی اور شائقین کرکٹ کیلئے متبادل ٹریفک پلان کی تمام سطحوں سے تشہیر کی جائے، ایمرجنسی پلان پر سپیشل 12 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، ٹیموں کو روٹس پر زیرو ٹریفک دینگے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے اجلاس کو بتایا کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے 148 سکیورٹی کیمرے ایکٹو ہیں، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں شائقین کرکٹ کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے مزید کہا ہے کہ تمام محکموں کا کنٹرول روم نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قائم کیا جائے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب میں کنٹرول روم کے قیام میں تعاون کریں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب پاک انگلینڈ ٹی 20کرکٹ سیریز کی کامیابی کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کریگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں