آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور انگلینڈکےخلاف ہوم سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان

لاہور(سپورٹس لیکس) پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2022 کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ایونٹ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ 15 کھلاڑیوں میں شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے ، ان کے علاوہ محمد وسیم جونیئر اور شاہین شاہ آفریدی کی بھی قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔تین کھلاڑی فخر زمان، محمد حارث اور شاہنواز دھانی ٹریول ریزروز کی حیثیت سے قومی اسکواڈ کے ہمراہ سفر کریں گے۔
فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر سائیڈ اسٹرین انجری سے نجات پاکر اب مکمل فٹ ہوچکے ہیں، اُدھر شاہین شاہ آفریدی کا فی الحال لندن میں ری ہیب جاری ہے۔ وہ 15 اکتوبر کو برسبین میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ ،محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد حسنین، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور عثمان قادر۔)

ٹریول ریزرو: فخر زمان، محمد حارث (وکٹ کیپر) اور شاہنوازدھانی۔

انگلینڈ ٹی ٹونٹی کے لیے پاکستان کا اسکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عامر جمال، ابرار احمد، آصف علی، حیدر علی (ناردرن)، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حارث(وکٹ کیپر)، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان(وکٹ کیپر) ، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہنواز دہانی، شان مسعود اور عثمان قادر۔

15 اکتوبر تک ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری کے بغیر ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

چیف سلیکٹرقومی کرکٹ ٹیم محمد وسیم

چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ یہ ٹیم آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2022 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، لہٰذا انہوں نے زیادہ تر انہی کھلاڑیوں پر اعتماد کیا ہے جو گزشتہ سال کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے بعد سے قومی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی گزشتہ سال نومبر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور انہوں نے اپنے آخری 13 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں سے 9 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کرکٹرز میں سرمایہ کاری کی گئی ہے ، لہٰذا مناسب بھی یہی ہے کہ انہیں ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کیا جائے۔
محمد وسیم نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں انہیں تسلی بخش اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، امکان ہے کہ وہ آئندہ ماہ کےآغاز سے لندن میں دوبارہ باؤلنگ شروع کر دیں گے۔
سلیکٹرز نے شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان کے علاوہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ تمام کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی شامل کیا ہے۔ان کے علاوہ آلراؤنڈر عامر جمال اور اسپنر ابرار احمد کو انگلینڈ کے خلاف سات ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے اسکواڈ میں کیا گیا ہے۔

محمد وسیم، چیف سلیکٹر:

چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ شان مسعود، عامر جمال اور ابرار احمد کو پہلی مرتبہ قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ یہ تینوں کھلاڑی موقع ملنے پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
محمد وسیم نے کہا کہ فخر زمان گھٹنے کی انجری کے باعث اس سیریز کے لئے دستیاب نہیں ہیں۔ وہ ایشیا کپ کے فائنل میں فیلڈنگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں