ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے نیشنل جوجٹسو چیمپئن شپ کا افتتاح کردیا

لاہور (سپورٹس اپڈیٹس) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے منگل کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے منعقد ہونیوالی نیشنل جوجٹسو چیمپئن شپ کا افتتاح کردیا. رنگا رنگ تقریب نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں منعقد ہوئی، تقریب میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران جعفر روناس، صدر جوجٹسو فیڈریشن خلیل احمد خان، ڈاکٹر نفیس انجم، چیس کے 17بار کے نیشنل چیمپئن محمود لودھی،ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ ودیگر بھی موجود تھے.
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ جوجٹسو میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خوش آمدید کہتا ہوں،سپورٹس بورڈ پنجاب نے نیشنل جوجٹسو چیمپئن شپ کے لئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی ہیں.

چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیں گے، کھلاڑی چیمپئن شپ میں اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کریں. انہوں نے کہاہے کہ کھلاڑیوں کو محنت اور لگن سے آگے بڑھنا ہوگا، پاور سپورٹس کیلئے ایرینا بنا رہے ہیں جس میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی. ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران جعفر روناس نے ٹرافی کی رونمائی کی.

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اورڈائریکٹر جنرل ڈی جی خانہ فرہنگ ایران جعفر روناس کو سوینئر پیش کئے گئے، چیمپئن شپ میں ملک بھر کی 8 ٹیموں کے تین سو سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ان میں واپڈا، پولیس، نیوی، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں شامل ہیں، چیمپئن شپ کا فائنل 25اگست بروز جمعۃ المبارک کو ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں