سید محمد علی شطرنج کے پنجاب چیمپئن بن گئے، جنرل سیکرٹری شطرنج ایسوسی ایشن راجہ گوھر

لاہور: نشتر پارک سپورٹس پارک لاہور میں منعقدہ پنجاب کوالیفائنگ شطرنج چیمپئن شپ 2022 کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ چیمپئن شپ کا انعقاد سپورٹس بورڈ پنجاب اور شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب کے اشتراک سے کیا گیا۔
چیمپئن شپ کے فاتح گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی سید محمد علی رہے جبکہ شیخوپورہ کے نذر حسین اور راشد رفیق نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پنجاب چیمپئن شپ میں پنجاب بھر سے 100 سے زائد ٹاپ کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ پنجاب کے ڈویژنل سطح کے مقابلوں میں کوالیفائی کرنے والے کھلاڑی پنجاب لیول کا ٹورنامنٹ کھیلنے کے اہل قرار پائے تھے۔ جبکہ چیمپئن شپ میں چند کھلاڑی وائلڈ کارڈ کے ذریعے شامل ہوئے۔ مزید یہ کہ ابھرتے ہوئے کمسن بچوں اور خواتین کو نامور کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر گیم امپروو کرنے کا موقع بھی دیا گیا۔
چیمپئن شپ میں سر فہرست چودہ کھلاڑی امسال جون میں ہونے والی قومی شطرنج چیمپئن شپ میں پنجاب کی نمائندگی کریں گے۔بعد ازاں جولائی 2022 میں بھارت میں منعقدہ عالمی شطرنج اولمپیاڈ کے لیے نیشنل چیمپئن شپ سے 5 کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا۔
پنجاب کی ٹیم میں قومی شطرنج چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں عاقب جاوید بٹ (لاہور), راشد پرویز (سرگودہ), افتخار علی (گجرانوالہ),فوزان اللہ (لاہور), شہریار نجمی (لاہور), علی اکبر (ٹوبہ ٹیک سنگھ), زمان سہیل (لاہور) , جنید سہیل (لاہور), جہانزہب سہیل (راولپنڈی), اسد اللہ (لاہور) اور عتیق منظور (لاہور) شامل ہیں۔
16 مرتبہ کے نیشنل چیمپئن انٹرنیشنل ماسٹر محمود لودھی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ جیتنے والے پہلے دس کھلاڑیوں میں نقد انعامات دیئے گئے اور فاتح کو خوبصورت ٹرافی سے نوازا گیا ۔
شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے مائنڈ گیمز کے فروغ کے لیے کی جانے والی خصوصی کاوشوں کو سراہا اور صوبہ بھر میں شطرنج کے فروغ کے لیے سکول و کالج کی سطح اور خواتین کے لئے تیار گردہ نئے پروگرام ترتیب دینے اور اس پر عمل درآمد کے لئے پنجاب کی ٹیم کو تیار رہنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
چیمپئن شپ کے منتظمین فیڈے ماسٹر عامر کریم اور شطرنج ایسوسی ایشن پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ گوھر اقبال، جوائنٹ سیکرٹری عمر فاروق نے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں