ریجنل گیمز کو فروغ دیکر مقامی ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں،صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی

لاہور (سپورٹس لیکس) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ ریجنل گیمز کو فروغ دیکر مقامی ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کررہے ہیں، جھنگ کبڈی میلہ اور بڑا کبڈی ٹاکرا اسی سلسلہ کی کڑی ہے.
جنوبی پنجاب میں ریجنل گیمز کے کامیاب انعقاد کے بعد ضلع جھنگ میں ریجنل سپورٹس کو فروغ دے رہے ہیں تاکہ مقامی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو، کبڈی ٹاکرا ضلع جھنگ میں یادگار ایونٹ منعقد کیا ہے جس میں دنیا کے نامور کبڈی کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس سے عوام کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کا کھیل دیکھنے کو ملا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سپورٹس سٹیڈیم منڈی شاہ جیونہ جھنگ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جھنگ کبڈی میلہ اور بڑا کبڈی ٹاکرا کے فائنل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا.

مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کا سپورٹس سٹیڈیم آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، ڈھول کی تھاپ پر شائقین نے بھنگڑے ڈالے، ہزاروں شائقین نے کبڈی کے مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان، سپورٹس کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب محمد حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ڈیرہ غازی خان عطاء الرحمن، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جھنگ چودھری محمد جمیل ودیگر بھی موجود تھے.

مہمان خصوصی کا کھلاڑیوں سے تعارف بھی کرایا گیا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ و ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے ٹھوس اقدامات اٹھا رہا ہے، دور دراز کے علاقوں میں سپورٹس ایونٹس کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئے گی، جھنگ کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے کبڈی کا میلہ سجایا ہے، ریجنل گیمز کو فروغ دے کر نئے کھلاڑی آگے لا رہے ہیں تاکہ پاکستان کو اچھے کھلاڑی مل سکیں۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی سرپرستی میں پنجاب کے ہر علاقے میں سپورٹس کی جدید سہولیات فراہم کررہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب سہولیات کو جدید بنایا جارہا ہے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو گھر کی دہلیز پر سہولیات میسر ہوں اور وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں.
انہوں نے کہا کہ جھنگ کبڈی میلہ اور کبڈی ٹاکرا میں مقامی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، اس ایونٹ سے نئے کھلاڑی سامنے آئے ہیں جس سے کبڈی کا کھیل مزید فروغ پائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں