آسٹریلیا نے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 115 رنز سے شکست دیکر سیریز 0-1 جیت

لاہور(سپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں 115 رنز سے شکست دیکر نہ صرف آخری ٹیسٹ میچ بلکہ تین میچوں کی سیریز ایک صفر سے اپنے نام کر لی. مہمان ٹیم نے 24 سال بعد بھی پاکستانی سرزمین پر سیریز جیتنے کی روایت برقرار رکھی. 351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 235 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان ٹیم نے گذشتہ روز کے 73 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، کھانے کے وقفہ پر عبداﷲ شفیق 27 اور اظہر علی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کھانے کے وقفہ کے بعد امام الحق 70 رنز بنا کر لیون کا شکار بن گئے.

فواد عالم اور محمد رضوان بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ فواد عالم 11 جبکہ محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے کومنز کی بال پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے، کپتان بابر اعظم امیدوں کا مرکز بن گئے لیکن اپنے انفرادی 55 سکور پر لیون کی بال پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے.

ساجد خان 21، حسن علی 13، شاہین آفریدی 5 اور نسیم شاہ ایک رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے، آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے پانچ، پیٹ کمنز نے تین جبکہ کیمرون گرین اور مچل سٹاک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان آخری میچ کے بہترین کھلاڑی جبکہ عثمان خواجہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی تین میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کے عثمان خواجہ 496 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ عبداﷲ شفیق 397 رنز کے ساتھ دوسرے اور بابر اعظم 390 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

باولنگ میں آسٹریلیا کے ناتھ لیون نے 12، پیٹ کمنز نے 12 جبکہ شاہین آفریدی اور نعمان علی نے 9، 9 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں