نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں یوم پاکستان کے موقع پر نمائشی ہاکی میچ کا انعقاد کیا گیا

لاہور(سپورٹس لیکس)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام یوم قرارد اد پاکستان کے موقع پر نمائشی ہاکی میچ کا انعقاد کیا گیا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کھیلےئ جانے والے اس نمائشی ہاکی میچ میں قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
پی ایچ ایف کی جانب سے اس نمائشی میچ میں کھیلنے والی ٹیموں نےپاکستان گرین اور پاکستان وائٹس کے نام سے حصہ لیا۔ پاکستان گرین کی کوچنگ کے فرائض اجمل خان لودھی انٹرنیشنل نے سرانجام دیئے جبکہ پاکستان وائٹس کی کوچنگ کے فرائض عمران بٹ انٹرنیشنل نے سرانجام دیئے۔
نمائشی ہاکی میچ میں پاکستان وائٹس نے پاکستان گرین کو تین کے مقابلہ میں پانچ گول سے شکست دیدی۔ پاکستان وائٹس کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے رومان خان نے چار گول سکور کئے جبکہ رضوان نے ایک گول سکور کیا۔ جوابی طور پر پاکستان گرین نے کی جانب سے ارباز نے دو گول اور حنان شاہد نے ایک گول سکور کیا۔
اس نمائشی ہاکی میچ کے مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ تھے۔ انکے ہمراہ ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم سیگفرائیڈ ایکمین، گول کیپنگ کوچ باب ویلڈ ہاف ، مینجر قومی ہاکی تربیتی کیمپ اولمپین خواجہ جنیداور فریکل ٹرینر ڈینیئل بیری بھی موجود تھے۔

معزز مہمانان گرامی کا اس موقع پر کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ نے کہا کہ یہ تاریخی دن کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہاکی ٹیم ایک مرتبہ پھر اقوام عالم میں فتح کے جھنڈے لہرائے گی۔ گول کیپنگ کوچ باب ویلڈہاف نے پاکستای قوم کو اس تاریخی دن کی مبارکباد پیش کی۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے غیر ملکی فزیکل ٹرینر ڈینیئل بیری نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ہم پاکستانی تقافت سے بھرپور لطف اندوز ہورہے ہیں۔ ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم سیگفرائیڈ ایکمین نے کہا کہ یہ تاریخی دن ہمیں اپنے بڑوں کی قربانیوں اور انکے مقاصد کی یاد دلاتا ہے اور روشن مستقبل کے لئے رہنمائی کرتا ہے۔ یہ دن عزم کرنے کا دن ہے کہ ہم اپنے ملک کو بہتر سے بہتر بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں