آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کےٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کےچیف سلیکٹر نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16 کھلاڑیوں اور پانچ ریزرو کھلاڑیوں پرمشتمل قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی (4 تا 8 مارچ)، دوسرا کراچی (12 تا 16 مارچ) اور تیسرا لاہور (21 تا 25 مارچ) میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔


فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور اوپنر شان مسعود کی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔حارث رؤف جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے۔ شان مسعود نے آخری مرتبہ سیزن 21-2020 میں دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
ان دونوں کھلاڑیوں کو اسپنر بلال آصف اور اوپنر عابد علی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔اسکواڈ میں شامل اکیسویں رکن یاسر شاہ کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل جو کھلاڑی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کا حصہ نہیں ہیں وہ 16 فروری بروز بدھ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تربیتی کیمپ کا حصہ بن جائیں گے۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ:
بابر اعظم (کپتان) ، محمد رضوان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان، سعود شکیل، شاہین آفریدی، شان مسعود اور زاہد محمود شامل ہیں.

ریزرو پلیئرز:
کامران غلام، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد اوریاسر شاہ شامل ہیں.

محمد وسیم، چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ :

پاکستان کرکٹ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں کرنے کی بجائے ایک تسلسل برقرار رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف کھلاڑیوں میں اعتماد بڑھے گا بلکہ یہ ان کی سال 2021 میں عمدہ کارکردگی کا صلہ بھی سمجھا جائے گا۔

محمد وسیم نے کہا کہ یہ ڈومیسٹک کرکٹ کے دستیاب بہترین، باصلاحیت اور سب سے ان فارم کھلاڑی ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ منتخب کردہ تمام کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کو مزید 12 ماہ کے لیے پاکستان کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ محمد یوسف کو آسٹریلیا سیریز کے لیے بیٹنگ کوچ جبکہ شان ٹیٹ کو 12 ماہ کے لیے پاکستان کا فاسٹ باؤلنگ کوچ مقرر کرنے کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

اسپورٹ اسٹاف:
منصور رانا (منیجر)، ثقلین مشتاق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ)، شان ٹیٹ (فاسٹ باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، ڈریکس سائمن (اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، عماد احمد حمید (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل منیجر)، کرنل (ر) عثمان انوری (سیکیورٹی منیجر)، طلحہ اعجاز (اینالسٹ) اور ملنگ علی (مساجر)۔

اپنا تبصرہ بھیجیں