سکولوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیز میں گراؤنڈز بنا رہےہیں، ہیں، وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی

لاہور (سپورٹس لیکس) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ سپورٹس کلچر اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم اقدامات اٹھارہے ہیں، سکولوں اور تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سپورٹس گراؤنڈز لازمی بنانے کے حوالے سے کام کررہے ہیں۔
محکمہ تعلیم سے مل کر سفارشات تیار کررہے ہیں جس کا مسودہ جلد محکمہ قانون کو بھجوایا جائے گا اور اسے پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا جائیگا۔ سکولوں میں بھی سپورٹس پیریڈز بحال کرنے کیلئے محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسسٹنٹ کوچ بھرتی کرنے پر غور کررہا ہے۔
مزید کہا کہ پنجاب گیمز سے بھی سپورٹس کلچر کو فروغ دے رہے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی انشورنس پر کام کررہے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو تحفظ کا احساس ہو، پنجاب گیمز کھلاڑیوں کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے جس کے بہترین انتظامات کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں سینئر صحافیوں اور بیوروچیفس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر،ڈائریکٹر سٹاف سید عمیر حسن، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب محمد حفیظ بھٹی، ایڈمنسٹریٹر سوئمنگ کمپلیکس عامر شاہ ودیگر بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ سپورٹس کے انفراسٹرکچر کو بہت وسعت دی جارہی ہے، ہم نے دیہات کی سطح پر گراؤنڈز بنانا شروع کئے ہیں، ڈیڑھ سو سے زائد گراؤنڈز تیار ہوچکے ہیں، ساڑھے تین سوپر کام ہورہا ہے جو کہ رواں سال جون میں مکمل ہو جائیں گے،اس طرح دیہی نوجوانوں کو پانچ سو گراؤنڈز کی سہولت دستیاب ہوگی، چالیس تحصیل سپورٹس کمپلیکس بنارہے ہیں جن میں سے سولہ مکمل ہوچکے ہیں، باقی پر تیزی سے کام ہورہا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ سپورٹس سہولیات کے بغیر سپورٹس کی ترقی کا خواب دیکھنا بے معنی ہے، گراؤنڈز ہونگے تو کھلاڑی تیار ہوں گے۔
صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ سکولز اور تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز میں گراؤنڈز بنانے سے کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھیں گی اور نوجوانوں میں سپورٹس کا شوق پیدا ہوگا، کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لئے کروڑوں روپے کا فنڈ رکھا ہے جس سے کھلاڑیوں کو مالی پریشانیوں سے نجات مل جائے گی، ہم وہ کام کئے ہیں جو ماضی میں کبھی نہیں کئے گئے جس پر ہم فخر کرتے ہیں،سکولوں میں بھی سپورٹس پیریڈز بحال کرنے کیلئے محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ پنجاب اسسٹنٹ کوچ بھرتی کرنے پر غور کررہا ہے تاکہ کوچز سرکاری سکولوں میں جاکر
نوجوانوں کی تربیت اور نیا ٹیلنٹ تلاش کریں۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے کہا ہے کہ سپورٹس کے فروغ اور ترقی کیلئے پنجاب گیمز کے علاوہ بھی رواں سال مختلف کھیلوں کی چیمپئن شپ کرائی جائیں گی، پنجاب گیمز کو شاندار انداز میں کرایا جائے گا، اس کے لئے انتظامات اعلی سطح پر ہورہے ہیں جس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، کھلاڑیوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے لئے ان کو اعتماد دینا ضروری ہے۔
کھلاڑیوں کی کارکردگی کو میڈیا میں ہائی لائٹ کرنے سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، میڈیا سے تعاون سے سپورٹس کلچر کو آگے لے کر جارہے ہیں۔ کھلاڑیوں کو احساس تحفظ دینے کے لئے ان کی انشورنس کرنے کی پالیسی پر کام کررہے ہیں، یہ بہت بڑا کام ہوگا جس سے کھلاڑیوں کو یہ فکر نہیں ہوگی کہ اگر وہ زخمی ہوگیا تو اس کی سپورٹس ختم ہو جائیگی۔ کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ کھلاڑی پوری توجہ اور دلجمعی سے سپورٹس میں حصہ لیکر ملک و قوم کا نام دنیا میں روشن کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں